بھوپال،21/دسمبر (آئی این ایس انڈیا) نوجوان کاروباری افراد، سیلف ایمپلائمنٹ اور زرعی بہبود اسکیم کے تحت بینک قرضوں پر فی الحال پابندی عائد کرنے کے معاملے میں کانگریس نے شیوراج حکومت کو گھیرا ہے۔
سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے الزام لگایا ہے کہ شیوراج حکومت نے اپنے 15 سالہ دور حکومت میں روزگار کی فراہمی کے لئے کچھ نہیں کیا۔ اب نوجوانوں کوروزگار فراہم کرنے والی اسکیمیں ہی بند کردی گئیں ہیں،اس پرحکومت نے واضح کیا ہے کہ اس وقت بینک لون کی اسکیموں کو نہیں روکا گیا ہے، کیونکہ ان اسکیموں پر عمل درآمد کا عمل مؤثر انداز میں شروع کیا گیا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ مدھیہ پردیش میں ہر سال بے روزگاری 4 لاکھ کی شرح سے بڑھ رہی ہے۔ فی الحال یہ تعداد 30 لاکھ کو عبور کر چکی ہے۔
سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ کرونا کی وبا میں بہت سے لوگ پہلے ہی اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، معاشی صورتحال خوفناک ہوگئی ہے۔ اس صورتحال میں ان اسکیموں کی بندش سے بے روزگاری میں اضافہ ہوگا، اورنوجوان مایوس ہوں گے۔
کمل ناتھ نے کہا کہ زرعی بہبوداسکیم، وزیراعلیٰ سو روزگار منصوبہ اور وزیراعلیٰ نوجوان صنعت کار منصوبہ کے تحت نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد گرانٹ اور سبسڈی کے ساتھ قرض حاصل کررہی تھی،لیکن یہ انتہائی شرم کی بات ہے کہ جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے ان کی درخواست روکنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکومت کو ایسے عوام دشمن فیصلوں پر نظر ثانی کرنی چاہئے اور ان اسکیموں کو فوری طور پر بحال کرنا چاہئے۔